الخدمت فائونڈیشن نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ متاثرین تک گوشت پہنچادیا ،ڈاکٹرحفیظ الرحمن

 قاہرہ،لاہور (صباح نیوز) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ پاکستانی عوام کی جانب سے قربانی کا گوشت غزہ متاثرین تک پہنچادیا،غزہ اور القدس میں الخدمت نے 100بھیڑوں کی قربانی کی اور گوشت جنگ سے متاثرہ بے گھراور بے سہارا خاندانوں تک پہنچایا ۔ غزہ ،القدس ،قاہرہ اور کراچی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اہل غزہ کیلئے ہزاروں چھوٹے بڑے جانورقربان کئے گئے جن کا گوشت پراسس کے تحت مختلف مراحل میں جنگ سے متاثرہ غز ہ کے فلسطینی بہن بھائیوں تک پہنچایاجارہا ہے ۔ مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ مہاجرین کے 100خاندانوں کے اعزازمیں منعقدہ عید ملن،

خانقاء قاہرہ میں سلاٹرہاؤس کے دورے اور قاہرہ میں خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کے ساتھ ڈنرمیں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ پاکستانی عوام نے الخدمت پراعتماد کرتے ہوئے غزہ متاثرین کیلئے قربانی عطیہ کی تھیں، الخدمت کی پوری ٹیم اور رضاکاروں نے مل کرقربانی فی سبیل اللہ کو احسن اندازمیں سرانجام دیتے ہوئے قربانی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔مصرمیں قاہرہ کے علاقے خانقاء میں قائم سلاٹرہاؤس میں عید کے تین دن 100بڑے جانورقربان کئے گئے جن کا گوشت چلرٹرکوں کے ذریعے قاہرہ اور مضافاتی علاقوں میں پناہ لینے والے غزہ مہاجرین تک پہنچایاجارہا ہے ۔

نائب صدرذکراللہ مجاہد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کراچی کے جدید سلاٹرہاؤ س میں اہل غزہ کیلئے 1500گائے اور 1200بکروں کی قربانی کی گئی،قربانی کے اس گوشت کو ہاف کک کرکے ٹن پیک میں بند کیا جارہا ہے اس پراسس کے نتیجے میں قربانی کے گوشت کو ایک سال تک محفو ظ رکھاجاسکے گا۔ قربانی کے اس گوشت کوکراچی سے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے غزہ روانہ کیاجارہا ہے جہاں یہ غزہ متاثرین کو فراہم کیاجائے گا ۔انھوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن نے مجموعی طورپر غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے1600بڑے جانوروں اور 1300چھوٹے جانوروں کی قربانی کی ہے ۔