کراچی(صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے خیبر پختونخوا کے ٹائون لنڈی کوٹل میں روزنامہ خیبر نیوزکے رپورٹرخلیل جبران کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ، اس واقعہ کی شدید مذمت کی۔
اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر ارشاداحمد عارف نائب صدر(خیبر پختونخوا)طاہر فاروق اور سیکریٹری جنرل اعجاز الحق نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں آئے روز صحافیوں کو دن دیہاڑے قتل کیا جارہا ہے اور وفاقی و صوبائی انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہیں،جو ایک قابل مذمت امر ہے۔ ہر شہری کی طرح صحافیوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا، کے پی پولیس اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں قانون کٹہرے میں لایا جائے اور اس قتل میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیا جائے۔