لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو تاریخ کا بدترین جنگی مجرم ہے، اسرائیل کے جنگی جرائم پر عالم برادری زبانی جمع خرچ کی بجائے انسانیت دشمن اسرائیل کو سزا دے، 25 کروڑ پاکستانی فلسطینیوں اور کشمیریوں کے پشت بان ہیں ،لیاقت بلوچ مختلف پاکستانی ،فلسطینی و کشمیری قائدین سے فون پر گفتگو کررہے تھے ، نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ نے ٹیلی فون پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین محمود خان اچکزئی ، اسد قیصر ، راجہ ناصر عباس جعفری ، ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر زبیر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئرغلام محمد صفی سے رابطہ کیا عید کی مبارکباد دی اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان سے مصر میں فون پر رابطہ کیا ۔ جو ان دنوں مصر فلسطین بارڈر پر فلسطینیوں کی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے موجود تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ رفح اور ویسٹ بنک میں ہسپتال تباہ ہو چکے ، زخمیوں کی بہت بڑی بری حالت ہے لبنان میں دنیا بھر کی ڈاکٹر تنظیموں کا طبی امدادی سرگرمیوں کے لیے ڈاکٹرز کانفرنس کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی سے گفتگو کرتے کہا کہ اسرائیل کی عید کے دن اور ایام حج میں وحشیانہ بمباری جاری رہی ۔ سینکڑوں فلسطینی ان دنوں میں شہید کر دئیے گئے ۔ اسرائیل کے جنگی جرائم پر عالم برادری زبانی جمع خرچ کی بجائے انسانیت دشمن اسرائیل کو سزا دے، نیتن یاہو تاریخ کا بدترین جنگی مجرم ہے ۔
عالمی عدالت انصاف اپنے فیصلہ جنگ بندی پر عملدرآمد نہ ہونے پر فوری اقدامات کرے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکا جائے ۔ 25 کروڑ پاکستانی فلسطینیوں اور کشمیریوں کے پشت بان ہیں ملک بھر کی ہر عید گاہ اور مسجد میں فلسطینیوں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہوئی ہے اور اسرائیلی صیہونی ظلم کی مذمت کی ہے ۔ ڈاکٹر خالد قدومی نے آگاہ کیا کہ اسرائیل نے عید کے تین دنوں میں 250 فلسطینی شہید کر دئیے ۔ اہل پاکستان اور جماعت اسلامی کی فلسطینیوں کے لیے غیر متزلزل حمایت فلسطینیوں کے لیے بڑے حوصلہ کا باعث ہے ۔ دنیا کی موثر رضا کار تنظیموں خصوصاً الخدمت کے تعاون سے غزہ اور رفح میں مسلسل امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ عالم اسلام کی قیادت کی خاموشی اور موثر اقدام نہ ہونے کی وجہ سے اسرائیلی صیہونی ظلم پر ظلم بڑھاتے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی کبھی بھی اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔