حکمران آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے عوام کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ محمدجاویدقصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے صنعتوں کیلئے بجلی اور پٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ عوام الناس پر بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت میں 5 روپے 72 پیسے اضافہ کرکے بجلی گرا دی ہے۔پی ڈی ایم ٹو کی حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں ہے۔یہ لوگ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے عوام کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔25 کرور عوام پہلے ہی 2وقت کی روٹی کاحصول مشکل بنادیاگیاہے،ایسالگتاہے کہ بجلی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے غریب کو عوام زندہ درگورکرنے کافیصلہ کرلیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور اشرافیہ کا بجٹ ہے جس کو قوم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، اس میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے 39 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دیکر یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ بجٹ اشرافیہ کا بجٹ تھا جس کا مقصد ان کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔ بد قسمتی سے حکومت نے ٹیکسوں کی بھرمار کرکے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ اس سے ملک میں بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاغذ پر 10فیصد جنرل سیلز ٹیکس عاید کرنا اخباری صنعت کو دفن کرنے کے مترادف ہوگا۔اس اقدام سے شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد بے روزگار ہونگے۔ اگر ملک میں ٹیکسز پر ٹیکسز لگائے جائیں تو ملک کسی صورت بھی ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ 18 ہزار ارب کا بجٹ میں آدھی رقم سود اور قرضوں کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کرپشن کے تمام میگا اسکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے ۔جب تک کرپٹ افراد کا مکمل قلع قمع نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان کی معیشت ٹھیک اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی نہیں آسکتی ۔ اداروں میں کرپشن کی ایسی داستانیں منظر عام پر آرہی ہیں کہ سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا ۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔فارم 47 کی جعلی حکومت کے خلاف جماعت اسلامی عید کے بعد بڑی احتجاجی تحریک چلانے جا رہی ہے