لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے اور بازاروں میں روز مرہ استعمال کی سبزیاں، پھل، گھی،چینی اور دالیں یک دم غریبوں کی قوتِ خرید سے باہر ہوگئی ہیں،سرکاری ریٹ لسٹوں کے برعکس اشیاء خورونوش اور پھلوں سبزیوں کو مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کردیا گیا، مصالحہ جات اور سبزیوں کے ریٹ آسمانوں کو چھونے لگے ۔روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں کی قیمت میں اضافہ ہونے لگا ،مصنوعی مہنگائی کی وجہ سے پیاز کی قلت دن بدن بڑھنے لگی۔
انہوں نے کہا کہ اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اس سے وزیرِ اعلیٰ اور حکومت پنجاب کی گڈ گورنس کے کھوکھلے دعووں کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ایک طرف جہاں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ، پھل بھی عوام کی دسترس سے باہر ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب عیدالاضحی کے جانوروں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں اس لئے غریب آدمی تو کیا متوسط اور سفید پوش لوگ بھی پریشان ہیں۔انہوں نے وفاقی و صوبائی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا جانے والا بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرتا اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسا بجٹ دیا جائے جس میں 98فیصد عوام کے مفادات کو تحفظ ملے ۔مہنگائی کم کی جائے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جائے ۔ تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافہ کیا جانا چاہئے۔ موجودہ حکمرانوں نے مایوس کن بجٹ دیکراور مہنگائی میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت عید الاضحی کی آمد سے قبل مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرے مصنوعی مہنگائی پیداکرنے والوں کوگرفتارکر کے سخت سزا دی جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرانفروشوں کے محاسبے کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے گے ہیں، مگر بد قسمتی سے کہیں بھی بہتری نظر نہیں آتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اپنی رٹ کو قائم کرے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے