لاہور(صباح نیوز)الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکے زیر اہتمام 30مستحق فیملیوں میں شادی بکس تقسیم کر دئیے گئے ۔اس حوالے سے تقریب کا اہتمام پنجاب سوسائٹی کمیونٹی سنٹر میں کیا گیا ،شادی بکس میں دولہا و دلہن کے فینسی و سادہ سوٹ،جیولری، ڈنر سیٹ، ٹرنک، واٹر کولر،کچن کا سامان،بستر اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔
تقریب میں عظمی محمد علی انچارج کمیونٹی سروسز، رخسانہ ارشد، سمیرا سرور، زرقہ بٹ، طلعت خان اور دیگر نے شرکت کی ۔مستحق بچیوں کی ماؤں نے شادی بکس وصول کئے۔
اس موقع پر منعقدہ سادہ سی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمی محمد علی و دیگر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جہاں دیگر سماجی خدمات انجام دے رہا ہے وہاں بچیوں کے ہاتھ پیلے کرنے میں بھی والدین کا بوجھ کم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
نکاح کی شرعی حثیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نکاح تمام انبیاء کرام کی سنت ہے جو انسان کو گمراہی سے بچاتا ہے۔نکاح صرف میاں بیوی کے رشتہ ازواج میں منسلک ہونے کا ہی نام نہیں بلکہ دو خاندانوںکا ملاپ بھی ہے جس سے باہم رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔نکاح جہاح ایک جانب معاشرے کو گمراہی سے بچاتا ہے وہاں حدیث مبارکہ کے مطابق انسانی نسل کو آگے بڑھانے کا زریعہ بھی ہے۔نبی کریم ۖ کی بیٹیوں کے نکاح مسجد میں ہی ہوئے جس سے ایک جانب سادگی کا درس ملتا ہے تو دوسرا مقصد دو افراد کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان بھی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔