ملاوی کے نائب صدر طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہوگئے


لندن(صباح نیوز)ملاوی کے نائب صدر طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔

ملاوی فوج کے کمانڈر پال ویلینٹینو فیری نے میڈیا کو بتایا نائب صدر سالوس کلاس چلیما اور 9 دیگر اعلی حکام کو لے جانے والے فوجی طیارے کے گھنے جنگل چکان گاوا میں گر کر تباہ ہونے کے شواہد ملے ہیں۔فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ طیارے کی جیو فینسنگ، ریڈار سے غائب ہونے کے مقام اور عینی شاہدین کے بیانات سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ طیارہ چکان گاوا کے جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا۔حکام نے نائب صدر سالوس کلاس چلیما اور طیارے میں سوار دیگر 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ نائب صدر کے طیارے کی جیو فینسنگ، ریڈار سے غائب ہونے کے مقام اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ طیارہ چکان گاوا کے جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا

۔ملاوی ڈیفنس فورس کے کمانڈر نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث چکان گاوا جنگل میں ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ طیارے کی ملبے کو تاحال تلاش نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ طیارہ کسی چوٹی یا درخت سے ٹکرانے کے بعد جنگل میں گرگیا ہو۔ دوسری جانب صدر لازارس چکویرا نے کہا کہ طیارے کی تلاش کے لیے امریکا، برطانیہ، ناروے اور اسرائیل سمیت مختلف ممالک سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے طیارہ سرچ آپریشن کے لیے مختلف صلاحیتوں میں تعاون کی پیشکش کی تھی۔