لکی مروت میں فورسز کی گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے پر فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید

لکی مروت +راولپنڈی (صباح نیوز) ضلع لکی مروت میں فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی آیس پی آر)کے جاری بیان کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں قصور سے تعلق رکھنے والے کیپٹن محمد فراز الیاس بھی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کیپٹن شہدا میں سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین،سپاہی راشد محمود شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہدا میں صوبیدار میجر محمد نذیر،لانس نائیک محمد انور،لانس نائیک حسین علی بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔