بہاولنگر(صباح نیوز)بہاولنگر میں ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں تصادم کے نتیجے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک کا افسوسناک حادثہ بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار کار سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 خواتین شدید زخمی ہوئی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، مرنے والوں میں 2 بھائی اور ان کا بھتیجا شامل ہے جو ساہیوال کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔