اسرائیل کے مظالم نے انسانیت کا چہرہ سیاہ کر دیا، حافظ محمد ادریس

لاہو(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حج اور قربانی امت مسلمہ کی عظمت کی علامات ہیں جس طرح حج کے عالمی اجتماع میں ساری امت یک جان نظر آتی ہے، اسی طرح اسے امت مسلمہ کے مظلومین کو ظلم سے بچانے اور ظالم کا پنجہ مروڑنے کے لیے بھی میدان عمل میں آنا چاہیے۔ مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو درندگی و بربریت کا مظاہرہ کرنے کا موقع دیا ہے، اسرائیل کے مظالم نے انسانیت کا چہرہ سیاہ کر دیا، غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام سے انسانیت کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے، ظالم کا ہاتھ نہ روکنا بھی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ قرآن و سنت کا نظام ہی دنیا میں امن و سلامتی دے سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ دنیا کی رنگینیوں نے انسان کو آخرت بھلا دی ہے،اللہ تعالیٰ مسلم حکمرانوں کو غیرت اور ہمت دے کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کا اعلان کریں، قراردادوں اور مذمتوں کا دور ختم ہو گیا، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے۔ اسرائیل امریکا کی شہ پر اہل فلسطین پر مظالم برپا کر رہا ہے، امریکا انسانیت کا اصل دشمن ہے، یہودی سازشی اور انسان دشمن ہیں انھوں نے مسلمانوں کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا، یہودی اسلام دشمنی میں جلتے اور اسے ختم کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہیں۔