والدین کو آخرت میں سرخرو ہونا ہے تو اولاد کو قرآن اور دین کی تعلیم سے روشناس کریں

لاہور (صباح نیوز)والدین کو آخرت میں سرخرو ہونا ہے تو اولاد کو قرآن اور دین کی تعلیم سے روشناس کریں ،خود بھی قرآن کی تلاوت کریں اور بچوں کو بھی اس کی ترغیب دیں ۔ایسا نہ ہو کہ اللہ کے ہاں پیش ہوں تو والدین کا دامن پکڑ کر اولاد کہے کہ ہمیں توانہوں نے قرآن اور نماز پڑھائی ہی نہیں تھی۔ان خیالات کااظہار  الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے تحت پنجاب سوسائٹی کمیونٹی سنٹر میں تقریب تکمیل ناظرہ قرآن سے مقررین نے طلبہ اور ان کی ماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کے تین مراکز میں قرآن پاک مکمل کرنے والے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر تکمیل ناظرہ قرآن کرنے والے طلباء و طالبات میں قرآن پاک کے نسخے اور دیگر تحائف، انعامات اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔تقریب سے الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی منتظمیں رخسانہ ارشد، سمیرا سرور ،  سعدیہ گلزار نائب ناظمہ ضلع شرقی اور یاسمین سلیم نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ تقریب میں موجود مائیں خوش قسمت ہیں کہ آج ان کے بچوں نے ناظرہ قرآن کی تکمیل کی ۔

انہوں نے کہا کہ ناظرہ قرآن اور نماز دین اسلامی کی روح ہیں۔حدیث میں آتا ہے کہ بچہ سات سال کا ہوجائے تو اسے نماز سکھائو اور جب وہ دس سال کو ہو جائے تو اسے زبردستی نماز پڑھائو۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نیٹ اور سوشل میڈیا نے ہماری نئی نسل کو اسلام سے بہت دور اور گمراہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔بچوں کو گمراہی سے بچانے اور دین کی طرف مائل کرنے میں بنیادی کردار والدین کا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن جہاں بہت سی سماجی اور دنیاوی خدمات انجام دے رہا ہے وہاں بچوںکو دینی اور دنیاوی تعلیم فراہم کرنے اور ان کی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر اساتذہ اور بچوںمیں کیش پرائزبھی تقسیم کئے گئے