اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔ اسپیکر نے ایرانی سفیر سے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور ہیلی کاپٹر حادثے کے دیگر شہدا کے لئے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سردارایازصادق نے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی بہت بڑے اسکالر اور سیاسی رہنما تھے، صدر رئیسی کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ مسلم امہ کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے،صدر رئیسی سے ان کے حالیہ دورہ پاکستان میں انتہائی مفید ملاقات ہوئی تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صدر رئیسی اور وزیر خارجہ کو پاک ایران دوستی اور خطے میں مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا بھرپور داعی پایا،مشکل اور امتحان کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اسپیکر نے صدر رئیسی اور دیگر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی۔انھوں نے کہا کہ سفر میں تھا جس وجہ سے پہلے حاظر نہیں ہو سکا۔ ایران کے سفیرنے ایرانی سفارتخانے آمد پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر شہدا کے لئے اظہار تعزیت کے پیغام اور سفارت خانے تشریف آوری پر آپکا ممنون ہوں،مرحوم صدر رئیسی کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ایران پاکستان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تعزیتی کتاب میں اپنا تعزیتی پیغام بھی قلمبند کیا