فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب کی فٹبال ٹیم پاکستان پہنچ گئی

 اسلام آباد(صباح نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر رانڈ 2 کیلئے سعودی عرب کی فٹبال ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم چارٹرڈ فلائٹ سے ریاض سے اسلام آباد پہنچی جہاں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ٹیم کا استقبال کیا۔سیکرٹری آئی پی سی ظہور احمد، ڈی جی پی ایس بی شاہد اسلام، چیرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود اور پی ایف ایف آفیشلز بھی موجود تھے۔سعودی عرب کی فٹبال ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین میچ  آج  6 جون کو جناح فٹبال اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا،سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی سالم الدوسری نے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں، اور کل جناح اسٹیڈیم میں ملاقات کا منتظر ہوں۔سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کپتان عبدالرحمان غریب کی قیادت میں اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں پاکستان کے ساتھ ورلڈکپ کوالیفائر کھیلے گی۔۔