برطانوی فٹبالرکراچی پہنچ گئے، گورنر اور مداحوں سے ملاقاتیں

کراچی(صباح نیوز) برطانوی فٹبالرمائیکل اوون کراچی کے نجی شاپنگ مال میں جلوہ گرہوئے، جہاں مداحوں نے برطانوی کھلاڑی کا پرتپاک استقبال کیا۔برطانوی سابق فٹبالر مائیکل اوون گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے بعد کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم نجی شاپنگ مال میں جلوہ گرہوئے جہاں پاکستان فٹبال لیگ کے ایمبیسیڈر مائیکل اوون کاپرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لیور پول کے فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا و دیگر بھی موجود تھے۔

اسٹار فٹبالر کو اپنے درمیان پاکر مداحوں کاجوش دیدنی تھا اور انہوں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ مداحوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔فٹبالرز نے شائقین کاہاتھ ہلاکرجواب دیا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں نیمداحوں کوٹی شرٹس اورگیندوں پرآٹوگراف دیے۔اس موقع پرشائقین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی تصاویراورپوسٹرزبھی اٹھائے ہوئے تھے۔مائیکل اوون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے حوالے سے بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، امید ہے کہ پاکستان ایک دن انٹرنیشنل فٹبال میں اپنا مقام پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مداحوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، پر پاک استقبال پر شکر گزار ہوں۔دریں اثنا گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون کی ملاقات ہوئی، جس میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پاسکیل ہینری اور نوارو راول اور پاکستان فٹبال لیگ کا عالمی وفد بھی موجود تھا۔

ملاقات میں پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ شروع کرنے پر مشاورت ہوئی جبکہ فٹبال کھیل کے فروغِ، عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی تیاری اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ثابت ہوگا، فٹبال لیگ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا، عالمی فٹبال لیگ سے اس کھیل کی جانب رجحان بڑھے گا۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دنیا بھر میں فٹبال کھیل کو جنون کی حد تک دیکھا جاتا ہے، فٹبال کھیل کے فروغ سے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں۔مائیکل اوون نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، کھلاڑیوں کی تربیت، ان کے کھیل کو مزید نکھار سکتی ہے۔ گورنر سندھ کی دلچسپی اس کھیل کے فروغ میں اہم ثابت ہوگی