اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بشری بی بی کی عدت نکاح کیس کی جلد سماعت اور سزا معطلی کی درخواست پر 7 جون کو دلائل طلب کرلیے۔بشری بی بی نے منگل کو عدت نکاح کیس میں سزا معطل کرنے اور جلد سماعت کرنے کی درخواست وکیل سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے مقدمے کی سماعت کی۔دوران سماعت بشری بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ عدت نکاح کیس میں فروری سے دلائل دے رہے ہیں، بشری بی بی بیمار بھی ہیں، اس پر جج افضل مجوکا نے ریمارکس دئیے کہ عدت میں نکاح کیس کی فائل کل مارک ہوئی، 5 مرتبہ کیس کال کیا، کوئی پیش نہیں ہوا، اس لیے عدت میں نکاح کیس میں 25 جون کی تاریخ مقرر کر دی، بشری بی بی کی جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عید بھی آرہی ہے، بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کو سنا جائے، اس پر جج نے دریافت کیا کہ آپ عید سے پہلے دلائل دینا چاہتے ہیں یا عید کے بعد؟بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر 7 جون کو دلائل طلب کر لیے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments