ڈی چوک دھرنا میں شریک بچوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو غزہ کے چھ لاکھ سے زائد بچوں کے تحفظ کے لئے خطوط لکھ دیئے

اسلام آباد (صباح نیوز)غزہ کو بچانے  رفح آپریشن بند کرانے  کے لئے ڈی چوک میں دھرنا 21ویں روز میں داخل ہوگیا ۔ غزہ بچاؤمہم  میں شہید 15ہزار بچوں کے ناموں کی طویل ترین بینر کی نمائش کی گئی۔  اس موقع پر دھرنے میں شریک بچوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خطوط لکھے کہ وہ 15ہزار بچوں کی شہادت پر ایکشن لیں اور 17ہزار بچے جو اس وقت لاوارث ہیں ان کی حفاظت اور 6 لاکھ بچے جو بھوک سے موت کے دہانے پر ہیں ان کے بچا ؤکے عملی اقدامات کریں بچوں کے خطوط کی مہم کے سرپرست سابق سینیٹر مشتاق احمدخان نے  سوشل میڈیا پر تفصیلات جاری کردی ہیں ۔

جب کہ اپنے خطاب میں  انھوں نے کہا ہے کہ ڈی چوک آزادی فلسطین کا مورچہ بن چکا ہے۔ ڈی چوک ظالم  کے خلاف بغاوت کا محاذ بن چکا ہے۔ عوام/طلبہ و طالبات جوق در جوق ڈی چوک آئیں۔غزہ بچاؤ مہم  کا مقصد سیاسی نہیں بلکہ غزہ کو بچانا ہے۔ غزہ میں اسرائیل کی درندگی تمام حدوں کو پار کر چکی ہے۔ اسررائیل کی درندگی اور فلسطین کا درد ہم بیان کرتے رہیں گے۔غزہ بچاؤمہم کی کی بانی ٹیم لیڈ رحمیرا طیبہ  نے کہا کہ اہل غزہ کو  روزانہ 1500 ٹرک خوراک کی ضرورت ہے لیکن 24 دنوں میں 1400 ٹرک گئے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے بچے ماں کے ہاتھوں میں بھوک سے جانیں دے رہے ہیں۔فلسطینیوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ قبل ازیں رفا یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ و طالبات اور فیصل آباد کی دیگر تعلیمی اداروں کے وفود  ڈی چوک اسلام آباد میں دھرنے میں شرکت کی ڈی چوک دھرنا غزہ  فلسطین کی آزادی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔