مشکوک ٹرانزیکشنز کیس’آصف زرداری نے درخواست مسترد کرنے کا حکمنامہ چیلنج کردیا


اسلام آباد (صباح نیوز)سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیس میں احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی بجائے بری کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا حکمنامہ چیلنج کردیا۔ آصف علی زرداری نے احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر تین کے جج سید اصغر علی نے 14اکتوبر کو سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل سینیٹر فاروق حمید نائیک کی جانب سے ان کے مئوکل پر فرد جرم عائد کرنے کی بجائے انہیںنیب ترمیمی آرڈیننس 2021کے تحت بری کرنے کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ28اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کیا تھا۔ منگل کے روز آصف علی زرداری نے اپنے وکیل کے ذریعہ احتساب عدالت کے فیصلے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلہ کو کالعدم قراردے کر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا عمل روکا جائے اور انہیں کیس سے بری کیا جائے۔ ZS