الخدمت نے شہر کراچی کے 12 مقامات پر ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کردیئے

 کراچی(صباح نیوز) کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر الخدمت نے شہر کے 12مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ،جہاں شہریوں کو ٹھنڈے مشروبات اورپینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا اور ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے آگاہی فراہم کی جارہی ہے ۔الخدمت کے رضاکار شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچاو  کے لیے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کررہے ہیں۔گزشتہ روز بڑی تعداد میں کیمپس پر شہریوں کو پینے کے پا نی کی بوتلیں فراہم کی گئیںاور انہیں حفاظتی تدا بیر سے آگاہ کیا گیا ۔

ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ وکمیونٹی سروسز الخدمت کراچی قاضی سید صدرالدین نے کہا ہے کہ 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی تھی،جس کے پیش نظر الخدمت نے شہر کے 12 مقامات پر کیمپس قائم کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچا کے لیے لوگوں میں آگاہی ضروری ہے ۔ دوپہر کے اوقات میں گھر وں سے نکلنے میں احتیاط برتی جائے ۔اس حوالے سے بچوں اور بزرگوں کا خیال رکھا جانا انتہائی ضروری ہے ۔ گھر سے باہر یا کام کی جگہ جاتے ہوئے پانی کی بوتل ساتھ رکھیں ۔قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار کسی بھی ممکنہ خطرہ کے پیش نظر الرٹ ہیں اور شہریوں کو مدد فراہم کر نے کے لیے مستعد اور تیار ہیں۔