کراچی (صباح نیوز)قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے لئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا،تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے، گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام صدر مملکت نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری دینے آیا ، میں پہلے ان کی قبر پر نہیں گیا تھا، میں آج بیسمنٹ میں ان کی قبر پر بھی گیا، میں ایک بار وزیر بھی تھا تو مزار قائد کی تزئین و آرائش میرے ذمے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے بنانے والے ننگے پاں مزار قائد آئے تھے، قائد اعظم سے لوگ پوچھتے تھے آپ ملتان کیوں نہیں جاتے ہیں تو وہ میرے والد کے بارے میں کہتے تھے وہاں گیلانی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسائل ضرور ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت جو بھی اچھے کام کرے گی، ان میں اس کا ساتھ دیں گے، ملک کی 65 فی صد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے سے کہا تھا آپ نے پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی، ملک کے لئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا، تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے، گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو نے بھی مذاکرات کا راستہ کبھی نہیں چھوڑا تھا، جمعیت علمائے اسلام ( ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ہمارے پرانے دوست ہیں۔