اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات روف حسن اسلام آباد میں نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نامعلوم افرد کے حملے میں زخمی ہونے والے روف حسن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ روف حسن پر حملہ نجی نیوز چینل کے دفتر کے باہر کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ روف حسن پر کیے گئے حملے کے حوالے سے معلومات لے رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق روف حسن پر ستارہ مارکیٹ میں خواجہ سراوں نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا چہرہ زخمی ہوا جس پر انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان رئوف حسن نجی چینل کے دفتر میں پروگرام ریکارڈنگ کروا کر باہر آئے تو کالے رنگ کی مہران گاڑی میں سوار چار خواجہ سرا ان پر حملہ آور ہوئے اور تیز دھاڑ بلیڈ سے رف حسن کے منہ پر وار کیا گیا۔پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا، اس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں روف حسن کے چہرے خون رستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اینکر پرسن شاہد مسعود بھی ان کے ہمراہ موجود دیکھے گئے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پرتشدد قابل مذمت اقدام آزادی اظہار رائے، جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر حملہ ہے۔ملک کے ایوان بالا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے روف حسن پر حملے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ روف حسن پر حملہ کرکے انھیں زخمی کیا گیا ہے، یہ واقع سنجیدہ معاملہ ہے بات یہاں تک آگئی ہے کہ سب سے بڑی جماعت کے ترجمان پر حملہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے ارکان نے ایوان میں کے شیم شیم کے نعرے، پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم واک اوٹ کریں گے، روف حسن پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کے ارکان نے سینیٹ سے واک آوٹ کردیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی، رف حسن پر حملے کے معاملے پر وزیرداخلہ سے رابطہ کروں گا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آئین وقانون کی بالادستی پر ایک ہیں، روف حسن پر حملہ کی مذمت کرتا ہوں۔،وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فاضل اپوزیشن لیڈر نے ابھی یہ چیز شئیر کی ہے، کس نے حملہ کیا، کہاں پر حملہ ہوا؟ یہ چیزیں قانونی طور پر دیکھی جائیں گی۔ روف حسن رپورٹ درج کروائیں ان کی درخواست پر قانون کے مطابق عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد یا متعلقہ افسران سے رپورٹ لے کر ایوان کو لازمی آگاہ کروں گا۔