ملتان(صباح نیوز)این اے 148ملتان ون کے ضمنی الیکشن میں علی قاسم گیلانی کی کامیابی کے نتیجے میں گیلانی خاندان نے منفرد ریکارڈقائم کرتے ہوئے نئی پارلیمانی تاریخ رقم کردی۔اس وقت چیرمین سینٹ یوسف رضاگیلانی سمیت ان کے چاروں بیٹے پارلیمان میں موجود ہیں ۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی چیرمین سینٹ ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی گزشتہ شب این اے 148ملتان ون سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، اس سے پہلے این اے 151ملتان سے ان کے دوسرے صاحبزادے سید علی موسی گیلانی قومی اسمبلی کے رکن ہیں ،ان کے تیسرے صاحبزادے سید عبدالقادر گیلانی این اے 152ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں جبکہ ان کے چوتھے صاحبزادے سید علی حیدر گیلانی پی پی 213سے پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں ۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اوریوسف رضاگیلانی کے بھائی سابق رکن اسمبلی سیداحمد مجتبی گیلانی نے ایک انٹرویو میں کہاکہ خداکے فضل سے گیلانی خاندان نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جہاں یہ خوشی کی بات ہے وہاں اس کے نتیجے میں ہم پر ذمہ داریاں بھی آگئی ہیں ہمیں عوام کے مینڈیٹ کااحترام کرناہے اوراس کے ساتھ ساتھ ان کی توقعات پربھی پورا اترناہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی خاندان نے گزشتہ دس برسوں کے دوران ملتان میں ریکارڈترقیاتی کام کروائے اورآنے والے دنوں میں بھی وسیب کی محرومیاں دور کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے