ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت پرمتحدہ جہاد کونسل کا تعزیتی اجلاس

مظفر آباد(صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کی پر اسرار ہوائی حادثے کے نتیجے میں شہادت کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا ہے ۔۔ایران ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد نے کی۔ا جلا س میں کہا گیا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک عالمی رہنما کے طور پر اس وقت اپنا کردار ادا کررہے تھے بالخصوص فلسطین کے حوالے سے ان کا جراتمندانہ کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔وہ عالم اسلام کو متحد اور مستحکم دیکھنا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں زندگی کے آخری لمحات تک جاری رکھے ہوئے تھے۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ایران ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا رہا اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیلئے زور بھی دیتا رہا۔اجلاس میں کشمیری عوام اور تحریکی قیادت کی طرف سے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کی جدائی پر گہرے دکھ اور ایرانی قوم اور حکومت ایران سے تعذیت کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں شہدا کی بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی۔