مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی کابینہ نے آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر اور انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور کابینہ ارکان نے وزیراعظم پاکستان کو آزاد جموں و کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا ۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دی ، وزیراعظم نے دو دن پہلے اعلان کیا تھا اور آج یہ رقم منتقل ہو چکی ہے ، ہم نے آج سے پہلے اس قدر جلد عملدرآمد نہیں دیکھا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبا ز شریف نے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے اور ان کایہاں آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر پاکستان کے لئے کس قدر اہمیت کا حامل خطہ ہے۔