بی جے پی نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے .فاروق عبداللہ

 سری نگر: نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور مقبوضہ علاقے میں موجود اسکے گماشتوں کو مسترد کریں۔ فاروق عبداللہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے شانگوس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے لوگوں کو دیوار کے ساتھ لگا رہی ہے ، کشمیری افسروںکو نظر انداز کر کے غیر کشمیری نوکر شاہی کو مسلط کر رہی ہے جو کشمیریوںکو درپیش مسائل سے ناواقف ہے۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے ہزاروں ،لاکھوں لوگوں کو نوکری دینے کے وعدے کیے تھے جو سراب ثاہت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعہ ووٹوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے لہذا مقبوضہ علاقے کے تمام خطوںکے لوگوں کو ان سازشوں سے چوکنا رہنا ہوگا اور بی جے پی کے چھپے اتحادیوں کو مسترد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اور اس کی کٹھ پتلیوں کو شکست دینا لازمی ہے۔