آزادی پسند کشمیریوں کے گھروں پرچھاپے مارنے کا سلسلہ تیز

سری نگر: جموں و کشمیر میں ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے اوردیگر بھارتی ایجنسیوں نے جرائم پر قابو پانے کی آڑ میں گھروں پرچھاپے مارنے کا سلسلہ تیز کردیاہے۔ بھارتی ایجنسیوں نے اسلام آباد، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں کارروائیاں کیں اورحریت پسند کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے کے لئے شہریوں کو نشانہ بنایا ۔

تفصیلات کے مطابق ایس آئی اے نے بھارتی فورسز کے ساتھ ملکرجنوبی کشمیر کے تمام اضلاع میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے۔ایس آئی اے کی کارروائیاں اور چھاپے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو کچلنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ان کارروائیوں کے دوران آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث کئی افراد کو گرفتارکیاگیا۔