مظفر آباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر میں عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں جاری لانگ مارچ، ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہریوں نے پرامن تحریک چلائی اور تاریخ ساز لانگ مارچ کیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میرپور میں ایک پولیس اہلکار اور مظفر آباد میں 3 افراد کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے نتیجے میں حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمت میں کمی کردی جبکہ حکمراں اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنادیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران تمام گرفتار شدگان کو رہا کرکے مقدمات کو ختم کردیا جائے گا، کشمیری عوام کی کامیاب جدوجہد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ لہذا کمیٹی لاک ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے تاہم تین بجے تک ریاست بھر میں احتجاج کے دوران جاں بحق افراد کے سوگ میں شٹر ڈاؤن رہے گا، تین بجے کے بعد شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہڑتال ختم تصور ہوگی ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے بعدمظاہرین کے قافلوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔