مسلم لیگ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی قلبی اور نظریاتی وابستگی ثابت کی، شاہ غلام قادر

مظفرآباد(ّصباح نیوز)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آزادکشمیر مسلم لیگ ن کی تجویز اور مخلوط حکومت میں شامل دیگر اتحادی جماعتوں کی تائید کے بعد 23ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی قلبی اور نظریاتی وابستگی ثابت کی،اس سے پہلے میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں 10 ارب روپے کا اضافہ کیا تھا جبکہ تیرہویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر حکومت کے اختیارات اور وسائل پر اختیار جیسے معاملات بھی مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے کشمیری عوام کے لیے خصوصی دلچسپی کا ثبوت ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پر آٹے اور بجلی کی سستے داموں فراہمی کے مطالبات پر مبنی لانگ مارچ شروع ہوتے ہی وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر مسلم لیگ ن کے ساتھ رابطے کیے اور ہماری تجویز پر ہی آج کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر،وزراء حکومت،پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے دیگر زعماء اور وفاقی حکومت کے وزراء کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں آزادکشمیر کی صورتحال اور پیدا ہونے والے حالات کا بغور جائزہ لیا گیا۔میاں محمد شہبا ز شریف نے حسب روایت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23ار ب روپے مالیت کی گرانٹ کا اعلان کیا جو سستے آٹے اور بجلی کی فراہمی کیلئے سبسڈی پر خرچ ہوگی۔

شاہ غلام قادر کا میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران مزید کہنا تھا کہ آزادکشمیر ایک حساس خطہ ہے،دور افتادہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں زراعت اور زرعی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے،ضرورت کا غلہ اور دیگر اشیائے خوردونوش پاکستان سے ہی آزادکشمیر کو فراہم کی جاتی ہیں،گندم پر وفاقی حکومت پہلے ہی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ آزادکشمیر میں بجلی 2روپے 59 پیسے فی یونٹ دی جارہی ہے۔اجلاس میں اس حوالے سے متعلقہ محکمہ نے تفصیلات سے آگاہ کیا،گندم پر سبسڈی اور سستی بجلی کی فراہمی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیاہے۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نمائندہ کشمیری قیادت،تمام ذمہ داران اور مقتدرہ کی موجودگی میں آزادکشمیر کے اندر جاری صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام جماعتوں اور حکومت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ ن آزادکشمیرکی جانب سے وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم پاکستان،وفاقی وزرائ،اتحادی جماعتوں اور مقتدرہ کی جانب سے آزادکشمیر کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے معاملات اور مسائل پرامن اور خوش اسلوبی سے حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پران کا شکریہ ادا کیا۔شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے کارکنوں اور عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ذمہ داران کے ساتھ مل بیٹھ کر دیگر مطلوبہ تحریری احکامات پر مشتمل کارروائی مکمل کریں۔آزادکشمیر میں امن وامان بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے،اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور اس کے تمام ونگز نے پہلے بھی مثبت کردارا دا کیا ہے اورا ئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں اسی طریقے سے ادا کریں گے۔