حکومت فوری طورپر عوام کے جائز مطالبات پورے کرے ڈاکٹر محمد مشتاق خان


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ عوام کے مبنی برحق مطالبات کو تسلیم کرنا ااور ان کے مسائل حل کرنا حکومت کا فرض ہے،حکومت فوری طورپر عوام کے جائز مطالبات پورے کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے،حکومت پاکستان بھی اپنی ذمہ داران پوری کرے ،واپڈا کے ساتھ جو مسائل ہیں ان کوحل کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے،76برس سے آزا دخطہ تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنانے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے عیاشی کا اڈا بنا دیا گیا،ساری پارلیمانی پارٹی حکومت میںہیں مگر عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر ہیں،عوام بھی درست فیصلے کریں اور امانتدار اور دیانتدار قیادت کو منتخب کریں تاکہ مسائل حل ہوں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے آزاد کشمیرکی موجودہ صورت حال کے حوالے سے ملنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کے لیے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ریاست میں میرٹ کی بالادستی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مصروف جہد ہے، اسلامی نظام نافذ ہوگا تو بقیہ کشمیربھی آزاد ہوگا اور عوام کے مسائل بھی حل ہوںگے،باطل نظام عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافے کا سبب بن رہاہے۔

انھوں نے خبردار کیا کہ عوام کے مطالبات پورے کرتے ہوئے ریاست کے اندر نظام عدل قائم کیاجائے تاکہ عوام کو انصاف ملے عدل ،سہولت اور روزگار ملے ۔انھوںنے کہا کہ آزاد خطہ حساس خطہ ہے یہاں افراتفری پیدا کرنا دشمن کو خوش کرنے کے مترادف ہے ۔