سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوری اور آئینی اداروں کی تباہی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال ہے۔ انہوں نے علاقے کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عمرعبداللہ نے سوپور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے بحران کو مزید بڑھادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے وابستہ گروپوں کی مداخلت اور استحصال کی وجہ سے انہوں نے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے جمہوری اور آئینی اداروں کی تباہی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمر عبداللہ نے علاقے میں جمہوریت کے خاتمے اور زمینوں پر قبضے کی بی جے پی کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے بے دخلی اور زمینوں پر قبضے سے متاثرہ لوگوں کی حالت زار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے 2014کے انتخابات کے بعد بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے بعض سیاسی جماعتوں کے فیصلے کی مذمت کی۔