لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں مزدور، کسان تباہ ہو گئے۔ گوادر اورکراچی کے مسائل کے لیے عوام کی بڑی تعداد نے دھرنے دیے ہیں۔ قومی اداروں کی پرائیوٹائزیشن کسی صورت قبول نہیں۔ بجلی کمپنیوں کی نجکاری نہیں ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی مزدوروں اور کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی، ریلوے پریم یونین صدر شیخ محمدانور، خیر محمد تونیو اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپٹ نظام کے خلاف ملک بھر میں 6فروری سے 100دھرنے دے گی۔ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن 101واں دھرنا اسلام آبادمیں دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقۂ فکر کے افراد کی زندگی عذاب میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مزدور، کسان اور چھوٹے سرکاری و غیر سرکاری ملازم مہنگائی کی وجہ سے پس کر رہ گئے ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مسائل کا حل قانون کی بالادستی اور اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ جماعت اسلامی دہائیوں سے ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ ہم اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔