اقوام متحدہ تمام کشمیری سیاسی  قیدیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤڈا لے ۔ حریت کانفرنس


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اورایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اورمقبوضہ کشمیر  کی مختلف جیلوں میں بند تمام کشمیری سیاسی  قیدیوں  کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں،کارکنوں، علمائے کرام، صحافیوں، نوجوانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قابض حکام کی طرف سے غیر قانونی نظربندیاں اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے لوگوں پر تشدد ، اندھا دھند گرفتاریوں، عمر قیدکی سزاؤں اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال کا اظہارہوتا ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ مودی حکومت کی مسلم دشمن ذہنیت اورجموں و کشمیر میں یکے بعد دیگرے مسلط کردہ استعماری اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں کشمیری عوام کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔

ترجمان نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، مشتاق الاسلام، مولوی بشیر احمد عرفانی، بلال صدیقی، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالاحد پرہ، ظفر اکبر بٹ، عمر عادل ڈار، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، نور محمد فیاض، محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، سید شاہد یوسف، سید شکیل یوسف، محمد رفیق گنائی، حیات احمد بٹ، ظہور احمد بٹ، مولانا سرجان برکاتی، انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز اور صحافی آصف سلطان، عرفان مجید،سجاد گل اور دیگر شامل ہیں۔ حریت ترجمان نے بھارتی صحافیوں اور سول سوسائٹی پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر کا سنگین مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں امن اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔