کشمیری عوام صحرائی شہید اور ان کے خاندان کی لازوال انتھک جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ، مشتاق الاسلام


مظفرآباد(صباح نیوز) وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ہیومن رائٹس مشتاق الاسلام نے جرات و شجاعت کے پیکر شہید محمد اشرف خان صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں شہید محمد اشرف خان صحرائی اور ان کے خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مشتاق الاسلام نے محمد اشرف خان صحرائی کے یوم شہاد ت پر اپنے جاری بیان میں کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بے باک اور نڈر قائد شہید محمد اشرف خان صحرائی کی قومی آزادی کی جدوجہد میں قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے نہ صرف خود کو ریاست کی آزادی کیلئے پوری زندگی سرگرم رکھا بلکہ اپنے بیٹے جنید صحرائی کو بھی تحریکِ مزاحمت میں جانے کی اجازت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جبرواستبداد اور سازشیں صحرائی شہید کے پائیہ استقلال میں جنبش پیدا نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنے سارے خاندان کو مزاحمت کا حصہ بنایا ۔ کشمیری عوام صحرائی شہید اور انکے خاندان کی لازوال انتھک جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ محمد اشرف خان صحرائی کی جلائی ہوئی شمع آزادی کو روشن رکھنا پوری قوم کا فریضہ ہے ۔۔