تاریخی دھرنے کی کامیابی پر دردانہ صدیقی کی کارکنان کو مبارکباد، شکرانے کے نفل ادا کرنے کی تاکید


کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی قیمہ دردانہ صدیقی نے کراچی کی تاریخ کے طویل دھرنے کی کامیابی پر جماعت اسلامی کی مقامی قیادت بالخصوص خواتین ذمہ داران و کارکنان کو بھرپور مبارکباد دی ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی بل کالا قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی کامیابی نے ثابت کیا کہ گوادر سے لے کر کراچی تک، جماعت اسلامی ہی اس ملک کے عوام کی واحد امید اور آخری حل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان جماعت اور اہلیان کراچی کے استقامت نے سندھ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، شہر قائد کی خواتین، مرد، بزرگ بچے جوان سب ہی اپنے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کے پرچم تلے استقامت کی چٹان بن کر ڈٹے رہے، موسم کی سختی اور حالات کی پروا کیے بغیر مسلسل 29 روز کا دھرنا پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرگیا ہے۔

انہوں نے کارکنان اور ذمہ داران کو بھرپور انتظامات اور موبِلائزیشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اجر اللہ کے ہاں محفوظ ہے، جبکہ انہوں نے تاکید کی کہ کارکنان اس تاریخی کامیابی پر اللہ رب العزت کے حضور شکرانے کے نوافل ادا کریں، اور دھرنے کی کامیابی پر گھر بیٹھ کر سستانے کے بجائے اپنی جدوجہد مزید تیز تر کریں، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل آپ کی منتظر ہے