سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سن لڑکے سمیت4 افراد جاں بحق ہوگئے بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بھی منقطع ہو گئی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں جاری موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ، دریائے جہلم ، دریائے سندھ ، جھیل ڈل ، جھیل ولر اور دیگر چھوٹے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح لگاتار بلند ہورہی ہے اور کئی ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوئی ہے ۔ جبکہ لگاتار بارشوں کی وجہ سے کئی بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہورہی ہے۔
ضلع رام میں کرول کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پتھروں کی زد میں آکر محمد ایوب نامی ایک 13 سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا جبکہ تین رہائشی مکان زمین دوز ہو گئے ہیں۔ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی شدید بارش کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جہاں متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے مختلف علاقوں کو جانے والی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔وڈہ اور کرول رام بن میں دو لڑکے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
ادھر ڈوڈہ ضلع کے دیسہ کنڈا نالہ میں پیر کی دوپہر شدیدبارشوں کے دوران فردوس احمد گجر ولد قاسم گجر اپنے رہائشی مکان کے قریب واقع نالہ میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا ۔جموں و کشمیر خاص کر وادی کے بیشتر اضلاع میں کئی دنوں سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نیتجے میں دریائے جہلم کے نزدیک کئی بستیاں اور اہم سڑکیں زیر آب آگئے ہیں۔ وسطی ضلع گاندربل کے گگن گیر سونہ مرگ علاقے میں پیش آئے المناک حادثے میں ایک اور شہری کی نعش بر آمد کر لی گئی جس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہنوز لاپتہ ہے ۔ سونہ مرگ کے گگن گیر علاقے میں المناک حادثے کے دوران نالہ سندھ میں گاڑی گر نے کے بعد دو لاپتہ افراد میں سے ایک کی نعش بر آمد کر لی گئی ہے