لاہور(صباح نیوز)ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے کہا ہے کہ امریکی طلبہ نے مزاحمت کی تاریخ رقم کردی ہے۔پاکستانی طلبہ ان مظاہروں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ امریکہ، صیہونیوں کی پشت پناہی سے باز آکر اپنی جامعات کے طلبہ کے مطالبوں کو تسلیم کرے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلی نے کہاکہ اہلیان غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کریں گے۔پاکستان کے جامعات سے اسرائیل کے خلاف ایک زبردست جمہوری مزاحمتی تحریک کا سلسلہ شروع ہوگا- ان کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرے غزہ میں فوری جنگ بندی، امدادی سامان کی ترسیل، اور اسرائیل کے خلاف ممکنہ اقدامات کے مطالبوں پر مشتمل ہوں گے.
تمام طلبہ فلسطین کاز کی خاطر ہمارے دست بازو بنیں- اہل فلسطین سے محبت ہمارا دینی و ملی فریضہ ہے، پانی، خوراک، ادویات کی پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے۔ پاکستان اپنے سفارتی تعلقات کا استعمال کرکے اہل غزہ کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔