مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پہلے مقدمات ختم کئے جائیں،شبلی فراز


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں،پہلے مذاکرات کیلئے ماحول بنایا جائے    مقدمات ختم کئے جائیں،عدالتوں سے سیاسی فیصلے کرائے جارہے ہیں،بظاہر جمہوری و پارلیمانی نظام قائم ہے، ہم عالمی طور پر غیر متعلق ہوچکے ہیں جو خوفناک بات ہے، علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر قبضہ کی بات سیاسی ہے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شبلی فرارز نے کہا کہ ہم پاکستان کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے مشروط طور پر تیار ہیں،پہلے مذاکرات کیلئے ماحول بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جبر کے ماحول میں بات نہیں ہوسکتی،پہلے سیاسی مقدمات ختم کئے جائیں، قانون و آئین کی حکمرانی لائی جائے۔شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لندن یا کسی اور ملک نہیں جائیں گے، بانی پی ٹی آئی خواتین اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ پاک فوج ہماری بھی فوج ہے، قانونی مقدمات اگر حقیقی ہیں وہ چلائیں، تحریک انصاف کو سیاسی آزادی اور ایکٹیوٹی کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہوا اس پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر قبضہ کی بات سیاسی ہے، الیکشن ٹریبونلز 30 روز میں عذرداریوں پر فیصلے کریں، دھاندلی اورعذرداریوں پر جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے۔