حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاج بارے اجلاس

لاہور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی  زیر صدارت منصورہ میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاج کے حوالے سے اجلاس ہوا۔نائب امرا اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں سے گندم خریداری کے وعدہ پر ٹال مٹول اور چشم پوشی سے کام لے رہی ہے،حکمران سنجیدہ نہیں اور کسانوں سے کیے گئے وعدے اور اعلانات کو پورا نہیں کر رہے ۔

مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کواٹرز میں احتجاجی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا،وزیر اعلیٰ ہائوس کے گھیرائو اور دھرنا کے معاملہ پر نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ حتمی تیاریوں سے متعلق امور طے کر ے گی اوربعد میں امیر جماعت اس سلسلے میںاعلان کریں گے ۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں صدر جے آئی کسان سردار ظفر حسین ،

امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ،امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو ظفر شامل ہیں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر کسانوں کے مطالبات کے حق کے لیے پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں پیر کو چوتھے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف مقامات پر لگائے گئے احتجاجی کیمپس میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں، کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو 20 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپس لگائے گئے۔ گوجرانوالا،فیصل آباد،جہلم،راولپنڈی میں احتجاجی کیمپوں میں کسانوں نے نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات پیش کیے۔

سندھ میں جیکب آباد، ڈھر کی،گھوٹکی،میر پور خاص سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگے۔ حافظ آباد میں امیر ضلع شوکت پھلروان کی قیادت میں احتجاجی کیمپ میں کسانوں نے شرکت کی۔ امیر ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر کی قیادت میں کسانوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ سرگودھا،منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں احتجاجی کیمپ لگائے گئے ،قائم مقام امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان نے ان کیمپس میں شرکت کی۔فیصل آباد میں امیر ضلع محبوب الزماں بٹ نے گھنٹہ گھر چوک احتجاجی کیمپ میں شرکت کی ۔

لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاجی کیمپ مین نائب امیر شمالی پنجاب حافظ تنویر احمد نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی اور جے آئی کسان کے رہنمائوں نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  جماعت اسلامی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف ایک ارب ڈالر کے گندم درآمد سکینڈل کے ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لائیں،حکومت  کو ہر حال میں کسانوں سے گندم خریدنا پڑے گی۔ حکومت پنجاب نے کسانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے اس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا، کسانوں کی فصل بارش سے تباہ ہو گئی اور اس کے بعد ان سے مقررہ قیمت پر گندم نہ خریدنا ظلم ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، کسان لاوارث نہیں۔