بانی پی ٹی آئی،پرویزالہٰی ودیگر کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑکیس، تفتیشی سے آئندہ سماعت پررپورٹ طلب


اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی  علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑکیس میں عدالت نے تفتیشی سے آئندہ سماعت پررپورٹ طلب کرلی۔

انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی ،پرویز الہٰی ، علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔جج طاہر عباس سپرا نے استفسارکیا کہ پرویز الہی کے حوالے سے جیل کی طرف سے کوئی رپورٹ آئی ہے۔ عدالتی عملہ نے بتایا جیل سے ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔ جج طاہرعباس سپرا نے ریمارکس میں کہا اس مقدمے میں 172 ملزمان ہیں، ٹرائل جلد ختم ہو جانا چاہیے جو ملزمان شروع سے حاضر ہورہے ہیں ان کی حد تک عدالت حاضری ختم کردیتی، جو حاضر نہیں ہورہے ان کا کیس الگ کردیتے ہیں۔ کورٹ نمبر 1کا چارج ہوتا تو اس کیس کا ٹرائل ایک ہفتے میں ختم کر دیتے۔

جج طاہر عباس سپرا نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر ملزمان نے جرم کیا ہے تو سزا مل جائے نہیں تو بری کردیا جائے۔وکیل صفائی سردار مصروف نے عدالت کو بتایا اس مقدمے میں ملزمان سے برآمد موبائل فونز کی سپرداری کی درخواست منظور ہونے کے باوجود مہنگے موبائل فونز نہیں دیئے  گئے۔

بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کواس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے  ہوئیکیس کی سماعت 17مئی تک ملتوی کردی۔