آسٹریلوی کمپنیاں پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کمپنیاں پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں،زراعت، زرعی آلات اور دیگر آلات کی تیاری میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں صدر مملکت سے ملاقات کی تھی ۔صدر مملکت نے کان کنی اور معدنیا ت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں ۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے صدر مملکت کو پاکستان -آسٹریلیا تعلقات کی موجود سطح بارے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا تعلیم ، دفاع اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔