وکلاء 9مئی  نہیں  29 مئی والوں کا ساتھ دیں۔ انجینئر امیر مقام


سوات (صباح نیوز) وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وکلاء 9مئی والوں کے نہیں بلکہ 29 مئی والوں کا ساتھ دیں کیونکہ وکلا نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور انصاف کی فراہمی میں اپنا رول ادا کیا ہے، مسلم لیگ ن عدلیہ اور وکلاء کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، موجودہ حکومت شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے ، مہنگائی میں کمی کے لئے کوشاں ہیںSIFC کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار بونیر کی حلف برداری تقریب کے بعد کیا اور مزید کہا کہ پہلی دفعہ وزیراعظم اور آرمی چیف ملک کی خوشحالی، سرمایہ کاری اور معیشت کی مضبوطی کے لئے کام کر رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کو عوام کے دئے گئے مینڈیٹ کا احترام اور عوام کے مسائل پر توجہ دینا چاہیے بدقسمتی سے وہ اڈیالہ جیل سے فارغ نہیں، انہوں نے کہا کہ اب کیبنٹ کی میٹنگ بھی پشاور کی بجائے راولپنڈی اسلام آباد اڈیالہ کی حدود میں ہونے لگے ہیں، اس موقع پر وکلاء اور علاقہ عمائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، تقریب میں وکلاء نے انجینئر امیر مقام کو شیلڈ پیش کی، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نعیم الدین ایڈوکیٹ نے بحیثیت بونیر بار ایسوسی ایشن کے صدر و دیگر نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف بھی لیا۔