وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بین الاقوامی پارلیمنٹرین کانگریس (آئی پی سی) کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بین الاقوامی پارلیمنٹرین کانگریس (آئی پی سی) کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزارت قانون کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد نے آئی پی سی کے صدر عبدالرحیم مایا کی قیادت میں وفاقی وزیر ملاقات کی ، وفد میں سیکرٹری جنرل ستارہ ایاز، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اجلال علی خان اور ڈپٹی سپیکر اردن بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران آئی پی سی کے وفد نے وزیر قانون کو تنظیم کے کام اور مشن کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی سی ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو عالمی اور علاقائی چیلنجز سے باہمی تعاون کے ساتھ نمٹنے کے لئے دنیا بھر سے قومی پارلیمانوں کے انفرادی اراکین کو متحد کرتا ہے۔ وفد نے آئی پی سی کی انسانی حقوق کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے آئی پی سی کی رکنیت میں اضافہ اور دنیا بھر کے اراکین پارلیمان کے باہمی ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی کوششوں اور انسانی حقوق سے متعلق اہم مسائل کو حل کرنے میں تنظیم کے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر کو آئی پی سی کے صدر کی جانب سے اس موقع پر روڈ سیفٹی پر ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔۔