تیمور لیسٹے کی وزارت سماجی یکجہتی و شمولیت کے وفد کا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

اسلام آباد(صباح نیوز) تیمور لیسٹے کی وزارت سماجی یکجہتی و شمولیت کے وفد نے بی آئی ایس پی  ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا ، سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی )عامر علی احمد نے  تیمور-لیسٹے کی وزارت سماجی یکجہتی و شمولیت (MSSI) کے 12 رکنی وفد کا بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں استقبال کیا۔

وفد کی قیادت وزیر محترمہ ویرونیکا داس ڈورس نے کی ، دورے کا مقصد سماجی تحفظ کے اقدامات میں  بی آئی ایس پی  کے وسیع تجربے سے سیکھنا تھا۔سماجی بہبود کو بڑھانے کے لیے بی آئی ایس پی  کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، سیکرٹری بی آئی ایس پی نے  غریب افراد کو و درپیش مسائل  سے نمٹنے کے لیے تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ  اسٹنٹنگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے  نشوونما پروگرام کے تحت  ضرورت مند افراد کو  غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جارہی ہے۔قبل ازیں، ڈی جی این ایس ای آر/سی سی ٹی نوید اکبر نے بی آئی ایس پی کے اقدامات کا ایک جامع جائزہ فراہم کیا جس میں   قومی سماجی اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر)، کفالت،  نشوونما اور تعلیم وظائف پروگراموں پربریفنگ دی گئی۔محترمہ ویرونیکا داس ڈورس نے بی آئی ایس پی کو اس کے موثر پروگراموں کے لیے سراہا اور بی آئی ایس پی کے آپریشنل فریم ورک بالخصوص  NSER ڈیٹا بیس کو سمجھنے میں گہری دلچسپی  ظاہر کی ۔

انہوں نے تیمور-لیسٹے میں سماجی تحفظ  اقدامات کو بہتر  بنانے کے لیے بی آئی  ایس پی  کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔سیکرٹری بی آئی ایس پی نے تیمور لیسٹے میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تکنیکی مدد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور دونوں ممالک کے شہریوں کے فائدے کے لیے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔وفد میں قابل ذکر شخصیات   میں پاکستان  کی ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ مسز کوکو اوشیاما، اور WFP کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ مسز البا سیسیلیا گارزون شامل تھیں۔بی آئی ایس پی کی جانب سے  ڈاکٹرمحمد  طاہر نور، ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی اور تمام ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔