غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری ، 48 فلسطینی شہید، نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130 لاشیں ملیں


 غزہ(صباح نیوز) غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری ہے، 24 گھنٹے کے دوران مزید 48 فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130 شہدا کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 180ہوگئی ہے۔

صیہونی طیاروں نے نصیرت کیمپ پر پھر بمباری کی، جس کے نتیجے میں مزید 7 فلسطینی شہید ہو گئے، سفاک فوج نے تازہ حملوں میں ایک اورنولود سے ماں کی گود چھین لی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ میں گزشتہ روز فلسطینی سول ڈیفنس نے ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس سے ابتدائی طور پر 50 شہدا کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور مزید لاشوں کی تلاش جاری تھی۔ فلسطین میں شہدا کی مجموعی تعداد 34ہزار 97 سے تجاوز کر گئی، جبکہ اسرائیلی حملوں میں 76 ہزار 980 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔