غزہ میں بچے، خواتین، نوجوان اور بزرگ فریاد کر رہے لیکن کوئی ان کی داد رسی کو تیار نہیں۔ حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے غزہ میں انسانوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، انسانیت دم توڑ رہی ہے، اسلامی ممالک صرف قراردادوں اور لفظی مذمتوں پر اکتفا کیے بیٹھے ہیں،افسوس کہ 57اسلامی ممالک اسرائیل کی صورت میں ایک درندہ نما ریاست کے ظلم و سفاکیت کو ختم کرنے میں ناکام ہو گئے۔ غزہ میں بچے، خواتین، نوجوان اور بزرگ فریاد کر رہے لیکن کوئی ان کی داد رسی کو تیار نہیں۔ مسلم حکمران دنیا کی رنگینیوں میں اس قدر کھو گئے کہ انھیں آخرت بھول گئی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجدمنصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ا دریس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں سے سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت کا گندم خریداری سے انکار کسانوں پر ظلم ہے۔ کاشتکاروں نے محنت کر کے فصل تیار کی، خریداری کا وقت آیا تو حکومت انکاری ہو گئی، یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ حکومت نے گندم نہ خریدنے کا اعلان کیا، جعلی حکمرانوں کے پاس اختیار نہیں کہ کسانوں کے حق پر شب خون مارے۔ جماعت اسلامی نے پرامن احتجاج کا اعلان کیا اور حکومت کو وارننگ دی ہے، کسان جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاج کریں۔