پاکستان نے پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ کے مقابلے میں بھارت کو شکست دے دی


 دبئی (صباح نیوز) پاکستان نے پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ  کے مقابلے میں بھارت کو شکست دے دی ۔پاکستان کے شاہ زیب رند نے کراٹے کامبیٹ 45 مقابلے میں انڈیا  کے رانا سنگھ کو شکست دے کر جیت اپنے ملک کے نام کی۔کراٹے کامبیٹ ایک پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ ہے جس میں فل کانٹیکٹ کراٹے کے مقابلے شامل ہیں۔ کراٹے کامبیٹ دنیا بھر میں ایونٹس کی میزبانی کرتا ہے، جس میں مختلف ویٹ کیٹگریز اور ممالک کے فائٹرز کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے۔

دبئی میں پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے ہمانشو کوشک نے بالترتیب میچ کا پہلا اور دوسرا مقابلہ جیتا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان میچ کا فیصلہ فائنل رانڈ ہوا۔مقابلے کا انعقاد کرنے والی کراٹے کامبیٹ کے آفیشل ایکس ہینڈل سے ٹویٹ کیا گیا کہ شاہ زیب رند کو مقابلے کے میدان میں روکا نہ جا سکا۔ اور پاکستان نے انڈیا کو ایک کے مقابلے میں دو سے ہرا دیا۔مقابلے کا آغاز پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے پون گپتا کی فائٹ سے ہوا۔ یہ مقابلہ یک طرفہ رہا، اور رضوان علی نے جلد ہی گپتا کو ناک آٹ کر کے میچ پاکستان کے حق میں ختم کر دیا۔

اگلے مقابلے میں انڈیا نے اس وقت میچ برابر کر دیا جب اس کے فائٹر ہمانشو کوشک نے پاکستان کے فیضان خان کو ہرا دیا۔اس کے بعد فائنل میں شاہ زیب رند نے انڈیا کے کھلاڑی رانا سنگھ کو فیصلہ کن ضرب لگا کر پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو سے فتح دلائی۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا، خاص طور پر دونوں ممالک کے فائٹرز کے درمیان میچ سے قبل اس کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر تشہیر نے شائقین کو منتظر رکھا۔جمعے کو میچ سے پہلے کی ایک نیوز کانفرنس میں شاہ زیب رند نے رانا سنگھ کو تھپڑ مارا تھا۔ دونوں کو ان کی ٹیم کے اراکین نے الگ کر دیا تاہم جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔