لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور شیخوپورہ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی سموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب سو ایکڑ رقبے پر کیا کرنے جارہے ہیں جس پر وکیل سی بی ڈی نے بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب حکومت کا پروجیکٹ کرنے جا رہا ہے۔
ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز زرعی رقبے کو ختم کررہی ہیں اس سے فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ اس پر حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ سے غور کرنا ہوگا۔وکیل سی بی ڈی نے کہا کہ لاہور کے گردونواح میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کی بھرمار ہے،
دو ایکڑ زمین خرید کر بجلی کا کھمبا لگا دیا جاتا ہے اور ہائوسنگ سوسائٹی بن جاتی ہے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ شاید ہائوسنگ سوسائٹیز سے متعلق کوئی پالیسی نہیں۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ڈی جی ماحولیات ان دونوں افسران کو فوری تبدیل کریں، عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پرافسران کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں، سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔