چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر گلگت  بلتستان سید مہدی شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔گورنر گلگت  بلتستان سید مہدی شاہ نے نو منتخب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ملکی مجموعی صورتحال سمیت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے  تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر گلگت  بلتستان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور سمیت درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کی دولت سے مالا مال ہے اگر اس پر مناسب توجہ دی جائے تو سیاحت کی مد میں خطیر آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے درخواست کی کہ گلگت  بلتستان میں بین الاقوامی معیار کا ایئر پورٹ اور انتظامیہ موجود ہے لہذا گلگت بلتستان انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے عازمین حج اور ایران، عراق جانے والے زائرین کیلئے فلائٹس شروع کی جائیں جس پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کی مجموعی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کے حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال ہے۔ یہ خطہ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک حسین اور پر کشش مقام ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاحت کے مقامات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیاجائے تاکہ دنیا بھر کے سیاح اس جانب متوجہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا شمار دنیا کے خوبصورت علاقہ جات میں ہوتا ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار میسر ہوگا بلکہ ملک کی بہتری کے لئے بھی موثر ثابت ہوگا۔