سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن وقا ص جعفری سے تنظیم راہ عام فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات

راولپنڈی (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سیدوقا ص جعفری سے مرکزی سیکرٹریٹ الخدمت کمپلیکس میں نوجوانوں کی تنظیم راہ عام فاؤنڈیشن کے وفدنے ملاقات کی اور الخدمت کی پاکستان سمیت دیگرممالک میں پسماندہ کمیونٹی کی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔سید وقاص جعفری نے نوجوانوں کی فلاحی سرگرمیوں بالخصوص الخدمت کے پراجیکٹس میں دلچسپی کوسراہتے ہوئے کہاکہ الخدمت کاوالنٹیئرپروگرام ملک کوسرسبزوشاداب بنانے،شجرکاری مہم میں نوجوانوں کی شراکت،سموگ کے خاتمے،ایمرجنسی ڈیزاسٹرمیں خدمات سمیت دیگرمنصوبوں پر ورکنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔

غزہ کے حالیہ بحران پرگفتگو ہوئے سیدوقاص جعفری نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن نے جنگ کاآغازہوتے ہی اپنی بین الاقوامی پارٹنراین جی اوزکے ذریعے ریسکیواورریلیف سرگرمیوں کا آغازکردیا تھا،اب تک 2ارب سے زائد مالیت کا امدادی سامان اور ادویات، پاکستان،مصراور اردن سے غزہ متاثرین تک پہنچائی جاچکی ہیں۔پاکستان میں زیرتعلیم غزہ کے فلسطینی طلبہ وطالبات کو الخدمت کی جانب سے سکالرشپ کی فراہمی اور ماہانہ اخراجات اداکئے جارہے ہیں،مصرکے مختلف علاقوں میں مقیم غزہ کے فلسطینی طلبا کیلئے بھی سکالرشپ کی فراہمی آخری مراحل میں ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے منتخب طلبا کو ترکیہ میں بھی سکالرشپ فراہم کروایاہے۔انہوں نے کہاکہ قاہرہ مصرمیں الخدمت فاؤنڈیشن کا کیمپ آفس اور وئیرہاؤس وہاں سے ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے،37بڑے ٹریلرزکے ذریعے امدادی سامان،ادویا ت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک ایمبولینس قاہرہ سے غزہ کیلئے روانہ کی جاچکی ہے۔ نوجوانوں نے اس موقع پر اپنی تنظیم کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے فلسطین ریلیف فنڈکیلئے امدادی رقم کا چیک بھی سیدوقاص جعفری کو پیش کیا۔