لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام منگل کو مختلف شہروں میں کسانوں کے مطالبات کے حق میں مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے رہنمائوں،کسان تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ڈی سی آفسز، مختلف شاہرائوں اور اہم چوکوں پر ہونے والے مظاہروں میں کسانوں، مزدوروں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کاہنہ میں، سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے مانگا منڈی میں، امیر لاہور ضیا الدین انصاری اور مرکزی سیکرٹری جنرل کسان بورڈ پاکستان ڈاکٹر عبدالجبار نے جی ٹی روڈ شاہدرہ میں اور صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین نے فیصل آباد میں احتجاجی مظاہروں نے خطاب کیا۔
لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری یقینی بنائے اور ان کے مطالبات منظور کیے جائیں، گرفتار کسانوں کو فی الفور رہا کیا جائے، حکومت کسانوں سے زیادتی پر معافی مانگے۔ موجودہ حالات میں پنجاب اور سندھ کے کسان رُل گئے ہیں، زرعی مداخل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے باوجود گندم کو من مانی قیمت سے وصول کیا جا رہا ہے، مڈل مین اور مافیا صورت حال کا فائدہ اٹھا کر کسانوں کو لوٹ رہے ہیں جب کہ حکومت لمبی تان کر سوئی ہوئی ہے۔امیر العظیم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر زراعت پر سبسڈی ختم کی گئی، چھوٹے کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے، جاگیردار طبقہ ٹیکس نہیں دیتا۔ حکومت کسانوں سمیت کسی بھی طبقہ کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہو گئی، جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کسانوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں، کسانوں کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔
صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کے ساتھ فسطائیت پر اتر آئی، کسان اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جے آئی کسان پورے ملک کے کاشت کار طبقات کی آواز ہے، حکومت پنجاب کسانوں کا معاشی قتل بند کریں۔
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر جماعت اسلامی گجرات انصرمحمود دھول ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصراللہ گورائیہ نے پاکپتن چوک ساہیوال میں، امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد محبوب الزماں بٹ، کسان بورڈ فیصل آباد ڈویژن کے صدر علی احمد گورائیہ ، امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی،صدر کسان بورڈ گوجرانوالہ، رائو محمد ظفر نے چن دا قلعہ گوجرانوالہ میں، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو محمد ظفر ملتان ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر مظاہرہ کیا ۔ وہاڑی میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی علی وقاص ہنجرا کی قیادت میں کسانوں نے ریلی نکالی، شیخوپورہ میں امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مانگا منڈی مظاہرین سے امیر ضلع غربی عبدالعزیز عابد نے بھی خطاب کیا۔