35لاکھ ٹن گندم امپورٹ کر کے مخصوص مافیا کو لوٹ مارکرنے کی غیراعلانیہ اجازت دی گئی۔ جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کسانوں کو درپیش مسائل کے حل،گندم کی عدم خریداری کے خلاف اور امدادی نرخوں میں اضافے کے لئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر لاہور سمیت پورے صوبے میں مظاہرے کئے گے ۔جماعت اسلامی کسانوں کے اصولاً موقف کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو ریلیف نہ ملنے تک سٹرکوں پر رہیں گے ۔ انہوں نے کاشتکاروں پر پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے ساتھ حکومتی رویہ شرمناک ہے ۔ ایک طرف حکومت اپنا ہی مقرر کردہ ریٹ پر گندم کی خریداری نہیں کر رہی،مڈل مین اونے پونے فصل خرید کر لوٹ رہے ہیں ،کسان پریشان ہیں جبکہ دوسری جانب پر امن احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج ، کسان رہنماوں کی گرفتاریاں کر کے فاشزم کی مثالیں قائم کر رہی ہے ۔ میاں رشید منہالہ، عمر مسعود سمیت تمام گرفتار رہنماوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے مگر اسی شعبہ کو حکومت کی طرف سے سب سے زیادہ نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے اور ان کو سبسڈی دی جائے تاکہ مشکلات کا کچھ ازالہ ممکن ہو سکے ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ نگران دور حکومت میں 35لاکھ ٹن گندم امپورٹ کر کے مخصوص مافیا کو لوٹ مارکرنے کی غیراعلانیہ اجازت دی گئی ، اس کرپشن میں ملوث تمام ذمہ داران کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ملک و قوم کو لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں